اکیڈمک

شعبٔہ شماریات

شماریات دراصل سائنسی اصولوں اور طریق ہائے کار پر مبنی علم ہے جسے کسی موضوع پر دستیاب ڈیٹامیں سے قابلِ استعمال اور جامع معلومات اخذ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔شماریاتی تکنیکوں کا استعمال کیے بغیر تقریباً ہر تحقیق نامکمل ہے۔ یہ شعبہ نظری اور اطلاقی شماریات کے مضامین میں توازن برقرار رکھنے کا قائل ہے تاکہ تعلیم عملی زندگی میں بھی طلبہ کے کام آ سکے۔ شعبہ کے فارغ التحصیل طلبہ شماریاتی طریق ہائے کار اور سافٹ ویئر کے استعمال پر عملی دسترس رکھتے ہیں تاکہ مختلف شماریاتی مسائل کا حل بخوبی تلاش کر سکیں۔ ان فارغ التحصیل طلبہ میں یہ صلاحیت ہے کہ پیشہ ورانہ زندگی میں بھی اپنے علم کا بھر پور استعمال کر سکیں۔ یہ شعبہ اس بات کا خواہاں ہے کہ یہ شماریات کے مختلف پہلوؤں پر بھرپور تحقیق اور مؤثر تعلیم فراہم کرنے اور شماریات میں ملک کے سب سے تحقیق پسند ادارہ کی حیثیت سے ترقی کرے۔ اس مقصد کے تحت ہم اپنے کورسز میں مسابقت،موزونیت اور جدّت لانے کے لئے کوشاں ہیں تا کہ طلبہ کے ذہنوں کو جلا بخش کر انھیں تعلیمی و تحقیقی سربلندی کے اُفق کا روشن ستارہ بنایا جا سکے۔

شعبٔہ شماریات کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی فیکلٹی بین الشّعبہ جاتی تحقیق،شماریاتی نظریہ اور ڈیٹا کے تجزّیہ کے ماہر اساتذہ پر مشتمل ہے۔ یہ علم اپنی بین الشّعبہ جاتی نوعیت کی وجہ سے سائنسی علوم میں منفرد حیثیت کا حامل ہے اور ان کی ترقی میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔دورِ حاضر میں اس مضمون کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے، جیسا کہ وسیع ڈیٹا بیس میں سے مطلوبہ ڈیٹا کے حصول کی خاطر دیگر شعبہ جات میں عموماً اور سروے،مردم شماری،ایم آر آئی،ایف ایم آر آئی،ای ای جی،بائیومیٹری،جینیات،ہوائی ٹریفک،کاروبار،کمپیوٹر سائنس،مارکیٹنگ،انجینئرنگ،سوشل اینڈ ہیلتھ سائنسز،آرٹس اور ہیومینٹیز کے شعبوں میں خصوصاً شماریاتی آلات کے استعمال میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔ فی الوقت یہ شعبہ دیگر شعبوں کے ساتھ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ذریعہ عملی تحقیق کےفروغ میں ایک مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد ڈیٹا کے تجزیہ اور شماریاتی تکنیکوں کے استعمال پر دسترس رکھنے والے ایسے ماہرین شماریات تیار کرنا ہے جو دنیا کو درپیش حقیقی مسائل حل تلاش کر سکیں۔ یہ شعبہ بی ایس،ایم ایس سی،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے ڈگری پروگرام پیش کرتا ہے۔ہمارے شعبہ کے فارغ التحصیل طلبہ تعلیم، صنعت،بینکاری اور ترقیاتی شعبوں میں ملازمت اختیار کر سکتے ہیں۔