اکیڈمک

شعبٔہ معاشیات

شعبہ معاشیات،جامعہ گجرات کا مقصدطلبہ کو منطقی بنیادوں پرسوچنے اور مختلف معاشی تصورات کے استعمال میں بہتری لانے کے قابل بنانا ہے۔ یہ شعبہ بی ایس سے لے کر پی ایچ ڈی تک کے ایسے کورسز فراہم کرتا ہے جن سے طلبہ مستقبل میں ملکی معاشی پالیسیوں کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرام بنیادی معاشی تصورات ، نظریات اور ماڈلز کے علم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی اہمیت کے حامل مختلف اداروں میں اس کے اطلاق کا طریقہ کار بھی پیش کرتے ہیں۔ یہ شعبہ طلبہ میں روزمرہ زندگی پر اثر انداز ہونے والے سیاسی، معاشی اور سماجی عوامل کے بارے میں آگاہی پید اکررہا ہے اور یہ نہ صرف پالیسی کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلوں اور ان کے نتائج کا جائزہ لینے میں مدد کرتا ہے بلکہ عالمگیریت کو مد نظر رکھتے ہوئے فنانس اور معاشی شعبہ جات میں ماہرین کی بڑھتی ہوئی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہے۔ اسی لئے یہ شعبہ ایسے ماہرین معاشیات پیدا کرتا ہے جو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق پالیسی تشکیل دے سکیں اورمرکزی و تجارتی بینکوں، بین الاقوامی تنظیموں اور دستور ساز اداروں میں کام کرنے کی استعداد کے حامل ہوں۔

یہ شعبہ چار ڈگری پروگرام پیش کرتا ہے جن میں بی ایس، ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی شامل ہیں۔ یہ شعبہ ایسے ماہرِین معاشیات پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہے جو نہ صرف نظری تصورات اور معاشی پالیسی پر دسترس رکھتے ہوں بلکہ ان کے عملی اطلاق کی استعداد کے بھی حامل ہوں۔ ایم ایس سی پروگرام طلبہ کو معاشی نظریے اور عملی تجربے کی بنیاد پر ایسی خصوصی تربیت فراہم کرتا ہے جس سے مارکیٹ میں معاشی مشیروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔ ایم فل پروگرام معاشیات کے بنیادی پہلوؤں کو گہرائی تک جاننے اور اُن پر پیشہ ورانہ تحقیق کا موقع فراہم کرتاہے۔ پی ایچ ڈی پروگرام کا بنیادی مقصد ماہرین معاشیات، پالیسی ساز اور نظریہ ساز پیدا کرنا ہے جو ملکی معاشی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ اس شعبہ سے فارغ التحصیل طلبہ اور سکالرز سرکاری ونجی اداروں بشمول سٹیٹ بینک آف پاکستان، این جی اوز، پلاننگ کمیشن آف پاکستان، سنٹرل بورڈ آف ریونیو، پاکستان بیوروآف سٹیٹسٹکس ،گورنمنٹ منسٹریز اور آزاد تحقیقاتی تنظیموں میں ملازمت کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔