اکیڈمک

شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ

دورِ حاضر میں انجینئرنگ کی دیگر شاخوں میں الیکٹریکل انجینئرنگ کاشعبہ خاص اہمیت کا حامل ہے جو کسی بھی ملک کی صنعتی و معاشی ترقی میں بہت اہم کردار کا حامل ہے۔۔ پچھلی کئی دہائیوں سے پورےکرہ ارض پر اس شعبہ میں بہت زیادہ ترقی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں بہت ساری مفید ایجادات کے ساتھ بہت سارے چیلنجز بھی ابھر کر سامنے آئےہیں۔ اسی اہمیت کے پیشِ نظر جامعہ گجرات میں اس شعبہ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس میں پیش کیے جانے والے پروگرامز کا مقصد نہ صرف نظری وعملی تعلیم بلکہ شعبہ میں مناسب تجربہ اور تربیت فراہم کرنا بھی ہے ۔طلبہ کو الیکٹریکل انجینئرنگ کی معیاری تعلیم مہیا کرنا ، عملی اور بنیادی تحقیق کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنا اور علاقائی، صوبائی اور قومی جامعات اور صنعتوں کو تکنیکی خدمات مہیا کرنا اس شعبہ کی ترجیہات میں شامل ہے۔یہ شعبہ ایک ایسا ماحول مہیا کرتا ہے جو طلبہ ، سٹاف اور اساتذہ کو الیکٹریکل انجینئرنگ میں نئے تجربات اور اسکی تعلیم کی ترقی کے لیے خاطر خواہ حصہ ڈالنے کے قابل بناتا ہے۔

شعبہ میں پیش کیے جانے والے بیچلر ڈگری،ماسٹرز پروگرامز طلبہ کو ایسی مہارتیں اور تجربہ مہیا کرتے ہیں جو ایک الیکٹریکل انجینئرکو روز مرہ کے کاموں کو بطریقِ احسن سر انجام دینے کے لیے ضروری ہیں۔ بی ٹیک پروگرام طلباء کو الیکٹریکل انجینئرنگ کے شعبہ میں علمی و عملی طور پر تیار کرتا ہے۔شعبہ کا نصب العین ایسے ماہر انجینئر پیدا کرنا ہے جوصنعت ، ملک اور قوم کی ترقی میں بنیادی ستون ثابت ہوں ۔ اس شعبہ کے گریجوایٹس ڈیزائن اور الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم کے عملی اطلاق کے وسیع تر علم سے لیس ہوتے ہیں۔ڈگری پروگرام کے آخری سال میں مختلف کمپنیوں کے تعاون سے مسائل کی جانچ ،ان کےحل اور صنعتوں کی ترقی کے نئے پہلوؤں پر صنعتی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

اس شعبہ سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر کے طلبہ پُر اعتماد طور پر قومی اور بین الاقوامی جاب مارکیٹس میں اپنی خدمات سر انجام دینے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ کاروبار اور صنعتوں کے بڑھتے ہوئے رجحان اور قومی اور عالمی منڈیوں میں ماہر انجینئرزکی کمی کے پیشِ نظرمستقبل قریب میں BTechالیکٹریکل انجینئرنگ کی وسعت میں مزید اضافہ کا قوی امکان ہے جس سے اس شعبہ کے ماہرین کے لئے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔