آٓفس آف ریسرچ،انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن(ORIC)

 آفس آف ریسرچ،انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC)

تحقیق نت نئے علوم و فنون کی تخلیق اور علم و دانش کے حصول کا فریضہ سر انجام دیتی ہے ۔ اسے پیداواری اور اقتصادی نمو کے لیے ایک محرک کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔مسلسل اور  لگاتار سائنسی محاصل ہی سماجی اور اقتصادی و معاشی ترقی کا  واحد حل ہیں۔اور اس  ضمن میں صنعتی اداروں اور سماج کی تعلیمی و تدریسی معاملات میں شمولیت اور مقامی مسائل سے ہم آہنگی  نہایت ضروری ہے جس سے معاشرہ میں جدت کا نظام جنم لیتا ہے اور یہی  جدت طرازی اور اختراع کا ایک مربوط نظام کسی جامعہ کی پیداواری مصنوعا ت کی تجارت اور معاشی ترقی و نمو میں  بہتری لانے کے لیے طریقِ کار اور بنیادی محرکات کی راہ متعین کر سکتا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)نے ان تمام مقاصد کے حصول کے لیے مختلف جامعات میں تحقیق، اختراع اور تجا رت کے کئی آفس قائم کئے ہیں۔جامعہ گجرات میں بھی اس آفس کا قیام  ۲۰۱۱ میں عمل میں آیا۔ یہ  آفس تحقیق کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے بڑی محنت اور جانفشانی سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ  آفس  باہمی شراکت داری اور تعاون سے  تحقیقی فوائد کو صنعت تک پہنچانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ ہم انتہائی محتصر وقت میں دیگر تعلیمی اور صنعت و حرفت کے اداروں کے ساتھ روابط کوفروغ دینے اور مضبوط کرنے میں بہت حد تک کامیاب رہے ہیں۔ اسی سلسلہ میں جامعہ گجرات کے  اس آفس کو پاکستان کی تمام جامعات میں اول درجہ  کے آفسز میں ساتویں مقام پرجگہ بنانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

 پائیدار اقتصادی ترقی اور علم پر استوار معیشت کے حصول کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)کی حکمت عملی کے مطابق ستمبر ۲۰۱۱ کو آفس آف ریسرچ،انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) قائم کیا گیا۔اس کا بنیادی مقصد تمام تر تحقیقی سرگرمیوں کا احاطہ کرنے اور جامعہ کے تحقیقی منصوبہ جات کو تشکیل اوروسعت دینے اور نظم و نسق چلانے کے ساتھ ساتھ تحقیقی سرگرمیوں کو براہ راست سماجی اور اقتصادی ترجیحات اور معاشرے کے وسیع تر مفادات کے ساتھ منسلک کرنا تھا۔

یہ آفس تحقیق کی ترویج میں مثبت انداز میں حصہ ڈالنے اور تعلیمی اداروں اور صنعت کے ساتھ تعلقات کے ذریعے ملک کواقوام عالم میں اقتصادی مرکز بنانے  کی ضرورت کو محسوس کرتا ہے اس مقصد کے لئے آفس نے کئی مقامی اور علاقائی اور بینالاقوامی صنعتی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ آفس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ جامعہ کی تحقیق اعلیٰ ترین عالمی معیار اور جدید رجحانات کے مطابق ہے۔ لہٰذا یہ آفس اساتذہ/تدریسی عملہ اور طلبہ کی تحقیق کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں معاون کردار ادا کرتاہے۔آفس نے تحقیق و ترقی اور تجارت کے ضمن میں تمام کٹھن مراحل سے عہدہ برا ہونے کے لئے مثبت طور پر مطلوبہ رفتار کوقائم  رکھا ہے۔ علاوہ ازیں یہ آفس نہ صرف تحقیق و ترقی، جدت طرازی ، تجارت، ایجاد اور باہمی اشتراک بلکہ مباحثوں،  مذاکرات، مشاورتی اجلاس اور ورکشاپ وغیرہ کے انعقاد کے انتظام و انصرام کے لیے مکمل خدمات  فراہم کرتا ہے۔




2020-10-05