اکیڈمک

شعبٔہ علوم اِسلامیہ

میرے لئے جامعہ گجرات کے شعبٔہ علومِ اسلامیہ میں بطورِ چئیر پرسن کام کرنا باعثِ فخر ہے۔یہ شعبہ جامعہ کے اہم ترین شعبوں میں سے ایک ہے۔میں تحقیق پر مبنی اسلامی تعلیم کے فروغ کا خواہاں ہوں۔میرا تمام تدریسی عملہ بھی بدلتی ہوئی عالمی صورت حال کے پیشِ نظر معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ایک بھر پُور جدّو جہد میں مصروف ہے۔ یہ شعبہ اپنے بی ایس اور ایم فل پروگراموں کے علاوہ جامعہ کے مختلف شعبہ جات میں علومِ اسلامیہ کو ایک ذیلی مضمون کے طور پر پڑھا رہا ہے۔ ہمارے شعبہ کے اساتذہ جامعہ گجرات کے مشن اور تعلیمی تصور کو بھر پُور لگن کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللّہ تعالیٰ ہمارے مقاصد کے حصول میں ہماری مدد فرمائے۔

جامعہ گجرات نے 2007ء میں فاطمہ جناح کالج فاروِیمن ،فوارہ چوک اور گورنمنٹ کالج فاروویمن مرغزار کالونی میں علوم اِسلامیہ میں 4سالہ بی ایس پروگرام کا آغاز کر کے شعبٔہ علوم اسلامیہ کی بنیادی رکھی۔ تاہم 2010ء میں بی ایس کا پورا پروگرام گورنمنٹ کالج فاروِیمن مرغزار کالونی میں منتقل کر دیا گیا اور اس کو بالآخر 2011ء میں حافظ حیات کیمپس میں منتقل کر دیا گیا۔شعبٔہ علومِ اسلامیہ نے الحاق شدہ کالجوں میں بھی بی ایس علومِ اسلامیہ کے پروگرام کا آغاز کیا۔ گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ ایک ایسا الحاق شدہ کالج ہے جہاں 2010میں بی ایس (علومِ اسلامیہ) کا پروگرام شروع کیا گیا۔ یہی پروگرام گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج چکوال میں بھی متعارف کروایا گیا۔ یہ شعبہ دو سالہ ایم اے علومِ اسلامیہ پروگرام جی ٹی روڈ کیمپس میں اور ایم فل علومِ اسلامیہ کا پروگرام حافظ حیات کیمپس میں چلا رہا ہے۔

جامعہ گجرات میں اس شعبہ کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ کو قرآن و حدیث کے بنیادی علم سے روشناس کرایا جائے ، قرآن مجید کے علم سے تمام شعبہ ہائے زندگی کے تقاضوں کا ربط قائم کیا جائے،طلبہ کو انگریزی اور عربی زبان میں اسلامی ادب سے واقفیت دلائی جائے ،انہیں جدید دور کے ثقافتی، سیاسی اور معاشی مسائل اور اسلام میں ان کے حل سے روشناس کروایاجائے۔ مزید برآں مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمہ کے لئے مذاہب کا تقابلی مطالعہ کروانا اور طلبہ کو عمومی تحقیق کے اصولوں کے ساتھ شعبٔہ علومِ اسلامیہ میں تحقیق کے اصولوں سے آگاہ کرنا بھی اس شعبے کے مقاصد کا حصہ ہے۔

ہمارے لئے یہ امر بھی باعثِ فخر ہے کہ اس شعبہ سے فارغ التحصیل طلبہ کو مختلف اداروں،جامعات ،کالجوں اور سکولوں میں تدریس کے لئے ترجیح دی جاتی ہے۔ ریاست جموں کشمیر کی قاضی عدالتوں میں قاضی کے طور پر نوکریاں حاصل کرنے کے علاوہ عدالتوں اور اسلامک آئیڈیالوجی کونسل اسلام آباد میں کاؤنسلنگ ،سرکاری و نجی مساجد میں خطیب اور اسلامی تحقیقی اداروں اور تنظیموں میں خدمات سرانجام دیتے ہیں۔