اکیڈمک

شعبٔہ کیمسٹری

کیمسٹری قدیم ترین تجربی سائنس ہونے کے ناطے بنیادی سائنس کہلاتی ہے کیوں کہ فطری سائنسز کا مطالعہ کرنے والے ایک سطح پر کیمیاوی مطالعہ بھی کرتے ہیں۔ سائنس کے بنیادی شعبہ جات کے مطالعہ کے لئے کیمسٹری کا علم ہونا ضروری ہےکیمسٹری کا علم تمام شعبہ ہائے زندگی کے لئے ناگزیر ہے۔یہ علم عرصۂ دراز سے نسلِ انسانی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔ توانائی،خوراک،رہائش،لباس،دوا اور دیگر انسانی ضروریات مہیا کرنے میں اس کی وابستگی اسے ایک ہمہ گیر نوعیت کا شعبہ بنا دیتی ہے۔ چنانچہ کیمسٹری کا بطور مضمون مطالعہ عالمی سطح پر انسانی ترقی کے لئے بہت اہم ہے۔مذکورہ بالا اہمیت کے پیشِ نظر جامعہ گجرات میں شعبٔہ کیمسٹری قائم کیا گیا ہے۔ جس کا مقصد طلبہ کو تخلیقی اور تجزیاتی علم کا گہرا تجربہ فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لئے شعبہ کے محنتی اساتذہ طلبہ کو تجربات سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی تشریح، جان کاری اور ترتیب کے مختلف طریقے سکھاتے ہیں۔ ان سے طلبہ میں کیمسٹری کے علم کا اطلاق زندگی کے معاشرتی و معاشی دائرہ ہائے کار جیسا کہ صحت،زراعت،صنعت اور دفاع پر کرنے کی قابلیت پیدا ہوتی ہے۔

اس شعبہ میں قومی و بین الاقوامی بدلتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے کے لئے طلبہ کو کیمسٹری کے علم کے ساتھ تحریر،ابلاغ اور کمپیوٹر سے متعلق مہارتیں بھی سکھائی جاتی ہیں۔ طلبہ کی اس بات پر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ کسی پر انحصار کیے بغیر خود سے سیکھیں اور اپنے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ شعبہ کے محنتی اساتذہ علمی و تحقیقی کام میں ہمہ تن گوش مصروفِ عمل ہیں اور انھوں نے اپنے تحقیقی کام کی بنا پر ہائر ایجوکیشن کمیشن سے 13 ملین روپے کی گرانٹ حاصل کی ہے ۔ مزید برآں اس شعبہ کے اساتذہ اور طلبہ نے قومی اور بین الاقوامی تحقیقی جریدوں میں 400 سے زائد تحقیقی مقالہ جات شائع کروائے ہیں۔شعبٔہ کیمسٹری میں پیش کیے جانے والے مختلف پروگرام جن میں بی ایس،ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی شامل ہیں، طلبہ کو کیمسٹری کے شعبہ میں ابھرنے والے میدانوں جیساکہ نامیاتی کیمیا،غیر نامیاتی کیمیا،طبیعاتی کیمیا اور تجزیاتی کیمیا میں خصوصی مہارت فراہم کرتے ہیں۔ اور طلبہ اپنی تعلیم مکمل ہونے کے بعد اپنی حاصل کردہ مہارت سےمتعلقہ شعبوں میں استعمال کرتے ہیں۔ اس شعبہ میں بہترین ٹیکنالوجی سے لیس چار لیبارٹیز ہیں جن سے نہ صرف شعبٔہ کیمسٹری میں تحقیق کرنے والے طلبہ بلکہ دیگر شعبوں کے طلبہ بھی استفادہ کرتے ہیں۔ ان لیبارٹریوں میں موجود سامان میں جی سی۔ایم ایس،ایچ پی ایل سی،اٹامک ابزارپشن سپیکٹومیٹر،الیکٹروکیمیکل ورک سٹیشن اور یو وی/ویزیبل سپیکٹومیٹر وغیرہ شامل ہیں جو تحقیقی عمل میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ شعبہ میں جدید سامان ،اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ اور عالمی سطح کا پڑھانے اور معیاری تحقیق کرانے کے لئے سرگرم فیکلٹی کا موجود ہونا اس کے لئے فخر کی بات ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ شعبہ پاکستان کے مستقبل میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔