اکیڈمک

شعبٔہ ایجوکیشن

پاکستان کے ایک شاندار علمی مستقبل کی خواہش لیے شعبٔہ ایجوکیشن اعلیٰ تدریسی اور تحقیقی ذرائع کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اس حقیقت سے کوئی ذی شعور انکار نہیں کر سکتا کہ صرف تعلیم ہی انفرادی اور اجتماعی تبدیلی کا ذریعہ ہے۔شعبہ ایجوکیشن کے نصاب میں ہر تعلیمی سطح پر وہ مواد موجود ہے جو ایک شاندار قومی ترقی کے عمل کو تیز تر اور یقینی بنا سکتا ہے۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلیٰ نصاب ایک اعلیٰ تدریسی عملہ کے سپرد کیا جائے کیوں کہ مؤثر ابلاغ کے عمل سے ہی ہمارے نوجوان اپنے اندر ایک علمی تحریک اور ولولہ محسوس کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے طلبہ کی رہنمائی کے لئے اعلیٰ تدریسی عملہ کا انتخاب کیا ہے۔ ہمار ا شعبہ ہمہ وقت اس جدو جہد میں مصروف رہتا ہے کہ جدید تحقیق پر نظر رکھی جائے اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اور تدریسی عمل میں جدید سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارا شعبہ تعلیم اور تدریس جیسے اہم مقاصد کے لئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔اس لئے ہم پُر خلوص کوشش کرتے ہیں کہ اس اہم شعبہ کی قوت کو خود بھی سمجھیں اور مؤثر تدریسی حکمت عملی سے طلبہ کو بھی اس کی قوت کا احساس دلائیں تا کہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد وہ اس قوم کی تعلیمی ترقی میں ایک متحرک کردار ادا کر سکیں۔

شعبٔہ ایجوکیشن بی ایس،بی ایڈ،ایم اے،ایم ایڈ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے پروگرام پیش کرتا ہے۔یہ شعبہ ملک کے تعلیمی نظام کو بہترین تربیت یافتہ اساتذہ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ان پرو گراموں میں پڑھائے جانے والے مضامین اساتذہ کی تدریسی ضروریات کو مدّ نظر رکھ کر تجویز کیے گئے ہیں۔ یہ شعبہ اس حوالہ سے بھی خوش قسمت ہے کہ اس میں نامور ماہرِ تعلیم سکالرز کی رہنمائی کے لئے موجود ہیں جو نہ صرف طلبہ کی تعلیمی قابلیت کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اس ملک کو قابل اساتذہ بھی فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔ شاندار تدریسی استعداد کے علاوہ یہ شعبہ اپنے طلبہ کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ لائبریری ، کمپیوٹر لیب اور جدید ٹیکنالوجی سے مزین کلاس رومز کی سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔ اس شعبہ سے فارغ التحصیل طلبہ اور سکالرزملک کی بہت سی سرکاری و نجی جامعات اور کالجز میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل قابل اساتذہ کی ضرورت کو پورا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ان طلبہ کو سکول ایجوکیشن میں بحیثیت پی۔ ایس ۔ٹی اور ای۔ایس۔ ٹی کے بہترین اور وسیع مواقع نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی میسر ہیں۔