اکیڈمک

شعبہ جغرافیہ

جدید جغرافیہ تحقیق، نقشہ کشی اور جگہوں کے ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے حوالہ جات کا بغور مطالعہ کرتا ہے۔ جامعہ گجرات کے شعبٔہ جغرافیہ میں ارضی و ماحولیاتی تغیرات ، نقشہ جات اور وسعت مکانی سے متعلق تحقیق کی جاتی ہے۔ اس شعبہ کے طلبہ طبیعیاتی ماحول کے فطری عوامل کے ساتھ ساتھ ماحول میں ہونے والی انسانی سرگرمیوں اور ان کے نتائج کا مطالعہ بھی کرتے ہیں ۔ وہ علاقائی معاشیات، آبادی میں تبدیلی اور دیہی اور شہری علاقہ جات کے مسائل کا سائنسی بنیادوں پر مطالعہ کرتے ہیں۔یونیورسٹی آف گجرا ت میں شعبٔہ ِجغرافیہ دسمبر2012ء میں قائم ہوا۔ بین ا لشعبہ جاتی نوعیت کا حامل یہ شعبہ یونیورسٹی آف گجرات کے مربوط ترین شعبوں میں سے ایک ہے۔ اس کے کمرۂ تدریس میں ماحولیاتی عوامل کے متعلق پڑھایا جانے والا مواد دیگر شعبہ جات میں بھی موجود ہے لیکن شعبٔہ جغرافیہ میں اسے کلی طورپر ایک جگہ ضم کر لیا گیا ہے۔ جدید جغرافیہ کا مقصد ٹیکنالوجی کے استعمال اور عملی تحقیق کے ذریعہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کرنا ہے کہ چیزیں کہاں ہیں؟ وہ وہاں کیوں پہنچیں؟ ان کا طریق عمل کیا ہے؟ اور یہ کہ آج کی دنیا میں تبدیلیوں کا عمل کیسے جاری ہے؟

ہماری زمین کو گلوبا لائزیشن ،آب و ہوا میں ہونے والی تبدیلیوں،وسائل کے ضیاع اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ جغرافیہ ان مسائل کا حل پیش کرتا ہے ۔ جغرافیہ انسان اور اس کے ماحول کے درمیان مضبوط تعلق پیدا کرنے کے حوالہ سے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ یونیورسٹی آف گجرات کے شعبٔہ جغرافیہ میں پڑھائے جانے والے بنیادی مضامین میں شہری و علاقائی ترقی،طبعی اور ماحولیاتی نظام ،جغرافیائی معلومات اور تجزیہ اور عالمی مسائل وغیرہ شامل ہیں۔ یہ شعبہ بی ایس،ایم ایس سی اور ایم فل پروگرام پیش کرتا ہے۔ اس سے منسلک اساتذہ شہری و علاقائی ترقی،طبعی اور ماحولیاتی نظام ،جغرافیائی معلومات اور تجزیہ اور عالمی مسائل جیسے میدانوں میں تحقیق کے عمل میں خود بھی مصروف ہیں اور طلبہ میں بھی اس حوالہ سے بھرپور شوق اور جذبہ پیدا کر رہے ہیں۔ شعبہ میں ہونے والی تحقیق قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ جریدوں میں شائع ہو تی رہتی ہے۔ طلبہ کو اس شعبہ سے متعلق بھرپور آگاہئ دینے کے لئے بین الاقوامی شہرت کے حامل سکالرز کو وقتاً فوقتاً لیکچرز دینے کے لئے بلایا جاتا ہےاور اس اہم شعبٔہ علم سے متعلق موضوعات پر سیمینار منعقد کروائے جاتے ہیں۔ ہمارے شعبہ سے فارغ التحصیل طلبہ جغرافیائی رہنمائی کے لئے مختلف شعبوں سے منسلک ہوتے ہیں ۔ہمارے ماحول کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے حل کے علاوہ مختلف قدرتی آفات کی وجوہات سمجھنے اور ان سے نمٹنے کے لئے علم جغرافیہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم ملک کو اس حوالہ سے بہترین افرادی قوت فراہم کریں۔میں طلبہ کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس شعبہ سے منسلک ہو کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔