اکیڈمک

مرکز برائے علومِ ابلاغِ عامہ

آج ہم عالمگیریت کے اُس دور میں سانس لے رہے ہیں جس میں میڈیا اور ابلاغِ عامہ ایک بھر پور طاقت بن کر سامنے آئے ہیں۔ یہ شعبٔہ علم دورِ حاضر میں پیدا ہونے والےسماجی،اخلاقی،سیاسی ا ور معاشی مسائل کو جدید تحقیقی اُصولوں کی بنیاد پر حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ یہ شعبہ لوگوں کے رنگ و نسل،جنس،عقیدہ اور علاقائی تعصّبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئےشعور اور آگاہی کے لئے مصروف عمل ہے۔ مرکز برائے علومِ ابلاغیات و مواصلات،جامعہ گجرات کو قومی اور بین الاقومی جامعات میں ایک نمایا ں مقام حاصل ہے۔ اس مرکز کا یو۔ ایس سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے پبلک افئیر زسیکشن کے تحت اوکلوھاما یونیورسٹی سے منسلک ہونا ہمارے لئے باعثِ فخر ہے۔

اوکلوھاما یونیورسٹی کے ساتھ جامعہ گجرات کا یہ تعلق تحقیق پر مبنی تجزیاتی اور تفتیشی صحافت کو فروغ دینے کے لئے اس مرکز کی تعلیمی و تحقیقی استعداد میں اضافہ کرے گا۔علاوہ ازیں یہ باہمی تعلق مرکز کے لئے اس حوالے سے بھی مفید ہو گا کہ ایف ایم ریڈیو سٹیشن اور ٹی وی سٹوڈیو کو جدید رُجحانات کی بنیاد پر ترقی دی جا سکے گی۔یہ مرکز طلبہ کو جدید رُجحانات سے ہم آہنگ ایک ایسا تعلیمی و تحقیقی ماحول فراہم کرتا ہے جو ان کی صلاحیتوں کو نکھار کر اُنھیں اس قابل بناتا ہے کہ وہ معاشرہ میں اپنی پیشہ وارانہ ذمّہ داریاں بہتر طور پر سر انجام دینے کے قابل ہوجائیں۔

ایف ایم ریڈیو 106.6اور انٹرنیٹ کی سہولت سے مزین کمپیوٹر لیب بھی اس مرکز کے طلبہ کی عملی تربیت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ کیمپس وائس 106.6کا اپنا آن ائیر سٹوڈیو ،کنٹرول روم ،کانفرس سٹوڈیو اور پوسٹ پروڈکشن سٹوڈیوہے۔ اس نے طلبہ کی عملی تربیت کی ضرورت کے پیش نظر اپنی ٹیسٹ ٹرانسمیشن کا آغاز یکم اکتوبر 2009ء کو کیا۔ ریڈیو طلبہ ،اساتذہ ،سٹاف اور مضافات کے لوگوں میں تعلیمی اور سماجی آگہی پیدا کرنے کا بھی خواہاں ہے۔ ریڈیو اسٹیشن کی حد 30کلو میٹر ہے۔ جس میں گجرات جلالپور اور وزیر آباد کے شہر اور ان کے گردونواح کے علاقے آتے ہیں۔ زندگی کے تمام تعلیمی، معلوماتی اور تفریحی شعبہ ہائے جات پر مشتمل پروگرامز کی ایک کثیر الجہتی فہرست کیمپس ریڈیو کا خاصہ ہے۔ تمام پروگرامز جو ریڈیو پر پیش کیے جاتے ہیں وہ جامعہ کے طلبہ کی کاوش ہوتے ہیں۔ ریڈیو 500واٹ کے ٹرانسمیٹر اور انڈور، آؤٹ تکنیکی سامان کے ساتھ لیس ہے۔ کیمپس وائس صبح سات بجے سے بارہ بجے تک اور شام تین بجے سے آٹھ بجے تک روزانہ دس گھنٹے اپنی نشریات براڈ کاسٹ کرتا ہے۔ مرکز کا اپنا ٹی ۔وی سٹوڈیو بہت جلد طلبہ کی پیشہ وارانہ اور عملی تربیت کے حوالے سے ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔ اور مرکز کی فعالیت میں اضافہ کرے گا۔مرکز نے اپنے بنیادی مقصد کے حصول کے لئے علومِ ابلاغِ عامہ میں بین الاقوامی معیار اور جدید علمی رُجحانات کے مطابق بی ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے پروگرام شروع کیے ہیں۔