اکیڈمک

شعبٔہ ٹیکسٹائل ڈیزائن

تعارف

ٹیکسٹائل کی صنعت صدیوں سے برِّ صغیر کے لوگوں کی سماجی اور معاشرتی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔آج ٹیکسٹائلز نے بہت جدید انڈسٹری کی شکل اختیار کرلی ہے جو ملک کے لیے زرمبادلہ کے حصول کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ ملکی و غیر ملکی جدید منڈیوں کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ہمیشہ نت نئے ٹیکسٹائل پراڈکٹس کی شکل میں مختلف تصورات کی ضرورت رہتی ہے۔

ٹیکسٹائل ڈیزائن ایک ایسا فن ہے جس میں کسی پراڈکٹ کے حسن میں اضافہ کے لئے جدید اورروایتی انداز ،ڈیجیٹل اور تخیلی تکنیکوں کے استعمال سے چیزوں کے قدرتی انداز بدلے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل ڈیزائن سہ جہتی تکنیکوں (جن میں بننا ،گانٹھنا، کڑھائی، فیتوں کا استعمال ، نقش نگار، موتیوں اور گل کاری شامل ہیں)کو استعمال کر کے کسی بھی پراڈکٹ کے حسن کو دوبالا کرنے کا فن ہے۔ ڈیزائن سے پراڈکٹ بنتا ہے اورمذکورہ بالا نقش و نگار ڈیزائن بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ ڈیزائن خود کسی ہیت کا نمونہ ہوتے ہیں اس لیے ان کا اظہار تصویری خاکوں کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔

جامعہ گجرات کے نصب العین اور بنیادی اقدار کے عین مطابق اس پروگرام کا مقصد طلبہ کے اذہان کو بذریعہ تخلیقی تعلیم، مہذب اور ذمہ دار بنانا ہے۔ اس تعلیم کا دائرہ کار اتنا وسیع ہے کہ جس میں شعبٔہ فیشن اور مقامی و بین الاقوامی سطح کے ٹیکسٹائل سیکٹرز بھی شامل ہیں۔ اس شعبہ کا نصب العین قومی و بین الاقوامی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے فن اور جمالیاتی حسن کو فروغ دینا ہے۔ شعبٔہ ٹیکسٹائل ڈیزائن کا مقصد جامع لبرل آرٹس کی تعلیم دینا اور عالمی تناظر میں متوازن پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد تیار کرنا ہے۔

ٹیکسٹائل اور اس سے متعلقہ انڈسٹریز میں تنوع کی وجہ سے طلبہ بہت سے ذیلی شعبہ جات میں کام کرنے کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔ ان ذیلی شعبہ جات میں پرنٹ کی تیاری، بننا، گانٹھنا اور کمپیوٹر کی مدد سے بستروں اور ملبوسات، اسیسریز اور پراڈکٹس ،مردانہ ملبوسات پر ڈیزائن (کیڈ) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہوم فیشن کی سافٹ اور ہارڈ پراڈکٹس (جن میں بیڈ اور باتھ ، ٹیبل ٹاپس ،ڈنر وئیر،وال کورنگز، پردے، اور قالین وغیرہ فیتوں اور کڑھائی کے ڈیزائن ،فائبر آرٹس، گفٹ وئیر اور پیپر پراڈکٹس کے ڈیزائن بھی بنائے جاتے ہیں۔.

ٹیکسٹائل ایسے منفرد اور نئے نمونے اور ڈیزائنز تیار کرتی ہے جو ملبوسات، ہوم فیشن اور اس سے متعلق انڈسٹریز کے ہر حصے میں استعمال ہوتے ہیں۔ ہر قسم کے کپڑے پر نت نئے فنی اور ٹیکنالوجی کے تجربات کیے جاتے ہیں۔ ٹیکسٹائل ڈیزائنر ملبوسات سے متعلقہ کام کرتا ہے جن میں پرنٹ تیار کرنا، بننا اور گانٹھنا شامل ہے ۔ ہوم فیشن ڈیزائنر پردوں، وال کورنگز، بیڈنگ ،چادروں، کچن باتھ اسیسریز ،قالین اور دیواروں پر سجاوٹ کے لیے لٹکائی جانے والی اشیاء پر کام کرتا ہے۔

اسیسریز مارکیٹ کو فیشن انڈسٹری میں پہلے سے کہیں زیادہ اہم اور منافع بخش مارکیٹ کے طو رپر جانا جاتا ہے اور اس مارکیٹ کے نامور ڈیزائنرز نے کافی کامیابی بھی حاصل کی ہے اس وجہ سے اسیسریز ڈیزائن اور پروڈکشن میں تربیت یافتہ پیشہ ور حضرات کا خلاء پیدا ہو گیا ہے۔ شعبہ ٹیکسٹائل ڈیزائن اس خلاء کو پُر کرنے کے لیے ملک میں رائج ٹیکسٹائل ،ہوم فیشن اور اسیسری ڈیزائن کے لیے مشترکہ ڈگری پروگرام پیش کرتا ہے۔

چیئرپرسن کا پیغام

ٹیکسٹائل انڈسٹری پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ڈیزائن پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہم جامعہ گجرات کے نصب العین اور اس کی اقدار پر عمل پیرا ہو کر طلبہ کو وسیع نقطہ کے ساتھ تخلیقی ،مہذب اور ذمہ دار افراد بنانے میں کوشاں ہیں۔ ہمارے ہاں پاکستان کے مختلف آرٹ اینڈ ڈیزائن انسٹی ٹیوشن سے تربیت یافتہ اساتذہ موجود ہیں جو طلبہ کو قومی و بین الاقوامی مارکیٹ کے رحجانات کے لیے تیار کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد معاشرے کی فلاح کیلئے طلبہ کو کاروباری بنانا ہے تاکہ وہ انفرادی طور پر یا ٹیکسٹائل ڈیزائن انڈسٹریز کے کسی برانڈ کے تحت کام کر سکیں۔