وائس چانسلر کا پیغام
عصرِ حاضر میں ملکی اورقومی ترقی کا انحصار تعلیمی اداروں کے قیام،قومی اور عالمی ضروریات سے ہم آہنگ نصاب کے انتخاب اور علم و ابلاغ جیسے لوازمات سے لیس اساتذہ پر ہے۔ یونیورسٹی کی سطح پر ایک اعلیٰ تعلیمی اور تدریسی نظام ہماری بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے کیونکہ اعلیٰ تعلیم سے ہی ہم دنیا میں نہ صرف اپنے قومی تشخص کو اجاگر کر سکتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر میدانِ علم میں اپنا حصہ ڈال کر باوقار، تہذیب یافتہ اور قابل احترام اقوام کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں ۔جامعہ گجرات اپنے قیام سے لے کر اب تک اسی جذبے اور مقصد کے ساتھ کام کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی وہ تمام تدابیر اختیار کرے گی جن سے یہ اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک ایک شاندار علمی مرکز کے طور پر مقام حاصل کرسکے۔
میں اس عظیم درس گاہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں اور اس سلسلے میں عملی طور پر بھی کوشاں ہوں۔ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کو اعلیٰ تدریسی و دیگر سہولتیں فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اس یونیورسٹی کو ملنے والی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک درست سمت میں رواں ہیں۔ چونکہ تحقیق ہی کسی جامعہ کے معیار اور سمت کا تعین کرتی ہے اس لیے میں اعلیٰ معیار کی تحقیق کے لیے سہولیات کی فراہمی کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ اس حقیقت سے کوئی انکا رنہیں کر سکتا کہ علمی تحقیق ہی دنیا میں ہمارے فکری، تجزیاتی، تخلیقی اور تنقیدی مقام اور حیثیت کا تعین کرے گی۔ اس لیے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ہمیں ترقی کی دوڑ سے باہر نکال دے گی۔ اسی سوچ کے ساتھ میں یونیورسٹی کو تحقیق کے حوالے سے ایک معتبر نام دلوانے کی خلوصِ نیت کے ساتھ کوشش کر رہا ہوں اور انشاءاللہ اسے ہمیشہ اپنی اولین ترجیح رکھوں گا۔ میرا یقین ہے کہ ہمارے طلبہ صرف تعلیم کے شوق اور جذبے سے ہی سچی حب الوطنی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں اور تعلیم کے ساتھ ان کا گہرا رشتہ ہی انہیں اور اس وطن کو ایک قابلِ احترام مقام دلوائے گا۔ ہم نے دنیا کے چیلنجز کا سامنا صرف تعلیمی ترقی سے ہی کرنا ہے اور صرف اسی کے ذریعے دنیا کو مجبور کرنا ہے کہ وہ ہماری اعلیٰ حیثیت کو پہچانے۔ میں اپنی جامعہ کے اساتذہ سے بھی یہ توقع رکھتا ہوں کہ وہ تدریس کے انتہائی اعلیٰ پیشے کو اور بھی زیادہ باوقار بنائیں گے۔ ایسا تبھی ممکن ہے اگر اساتذہ ایک مسلسل علمی جستجو میں مصروف رہیں اور تدریس کے عمل کو زیادہ سے زیادہ بامقصد اور مؤثر بنائیں۔ ہمارا اعلیٰ مستقبل ایک بھر پو ر تعلیمی ترقی کا متقاضی ہے۔ آئیے عہد کریں کہ ہم اس مقصد کے لیے ہمیشہ سرگرم رہیں گے۔