اکیڈمک

فیکلٹی آف سوشل سائنسز

ڈین کا پیغام

سماجی علوم کا تعلق معاشرے کے سماجی رویوں اور ثقافتی پہلوؤں سے ہے ۔ سماجی علوم میں معاشیات ، علم التعلیم ، بین الاقوامی تعلقات ،سیاسیات، تاریخ ، مطالعہ پاکستان ، نفسیات اور عمرانیات شامل ہیں ۔ یہ شعبہ جات سماجی علوم کے کلیہ کے تحت ثقافتی پسِ منظر ، سماجی احکامات پر تعلیم کے سلسلے میں دنیا کے مختلف ممالک کی تاریخ ، قومی اور بین الاقوامی پسِ منظر میں سیاسی تعلقات، ملکی اور سماجی معیشت اور انسانی رویوں کے بارے میں سیکھنے کے مواقع مہیا کر رہے ہیں ۔ عصر حاضر کے مسائل پر تنقیدی اور تحقیقی آگاہی کی غرض سے طلباء اور طالبات جدید طرزِ تعلیم کے جذبے سے لبریز ہو کر تعلیمی نظریات کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں

فیکلٹی آف سوشل سائنسز آج سماجی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے متعلّق کئی ایک شعبہ جات میں ترقی کر چکا ہے۔ سوشل سائنس، سائنسی طریق کار اپناتے ہوئے کسی معاشرے کی ساخت،رہن سہن،انداز ِفکر،روایات کا مطالعہ اور دیگر سماجی حقائق کی دریافت اور ان کی تشریح کرتی ہے۔ فیکلٹی آف سوشل سائنسز ،جامعہ گجرات کے تحت متعدّد شعبہ جات کام کر رہے ہیں جن میں ایجوکیشن، عمرانیات،تاریخ اور مطالعٔہ پاکستان،سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات ،معاشیات اور نفسیات شامل ہیں۔ فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے یہ شعبہ جات تعلیمی، سماجی،تاریخی،سیاسی،بین الاقوامی، معاشی اور نفسیاتی تعلیم و تحقیق میں مصروف عمل ہیں۔یہ شعبہ جات اپنے ہاں زیرِتعلیم طلبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید سائنسی طریقِ کار سے تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ دورِ حاضر میں کسی قوم کی معاشی ترقی کا انحصار اس کی سماجی ترقی پر ہوتا ہے ۔ اس سلسلہ میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو درپیش سماجی و معاشی مسائل کے حل کے لئے جدید سائنسی بنیادوں پر اپنا نظامِ تعلیم وضع کیا جائے تاکہ ہم نظری تعلیم سے عملی زندگی کی مشکلات کو بہتر طریقےسےحل کر سکیں ۔ اسی حقیقت کو مدِّنظر رکھتے ہوئے فیکلٹی آف سوشل سائنسز ،جامعہ گجرات اپنے تحت کام کرنے والے شعبہ جات کے ذریعہ پاکستان میں سماجی رویوں میں بہتری،سیاسی شعور،تاریخی سوجھ بوجھ،افراد کی ذہنی بالیدگی اور معاشی ترقی کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔ اورجامعہ گجرات کے لئے یہ امر بھی باعثِ افتخار ہے کہ اس کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے اپنے تمام اکیڈیمک پروگرم پاکستان کو درپیش مسائل اور اس کی ضروریات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے تشکیل دیے ہیں۔